نئی دہلی، 21 مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) الیکشن کمیشن نے ایک پارلیمانی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ انتخابات میں سرکاری فنانسنگ کی حمایت نہیں کرتا۔ کمیشن نے کہا کہ وہ چاہتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے جس طرح سے فنڈز خرچ کیا جاتا ہے، اس میں کافی اصلاحات ہوں۔ انتخابات میں سرکاری فنانسنگ کا مطلب ہے کہ حکومت کی طرف سے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو الیکشن لڑنے کے لئے فنڈز دستیاب کروایا جائے، جبکہ موجودہ نظام یہ ہے کہ اس کام میں ذاتی یا پارٹی فنڈ کا استعمال کیا جاتا ہے۔الیکشن کمیشن نے قانون و عملے کے معاملات پر پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی کے سامنے دی تحریری نمائندگی میں کہا کہ الیکشن کمیشن سرکاری فنڈز کے استعمال کے حق میں نہیں ہے کیونکہ اس کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے دستیاب کروائے گئے فنڈز سے الگ امیدواروں یا دوسرے کے خرچ پر روک لگنا ممکن نہیں ہو گا۔ اس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا خیال ہے کہ اصل مسائل سے نمٹنے کے لئے سیاسی جماعتوں کی طرف سے لئے جانے والے فنڈز سے متعلقہ دفعات میں اور اس دولت کو خرچ کئے جانے کے طریقے میں تبدیلی کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ اس معاملے میں مکمل شفافیت آ سکے۔ یہ کمیٹی ای وی ایم، کاغذ ٹرائل مشینیں اور انتخابی اصلاحات کے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔